مکہ میں پاکستانی حاجیوں کا احتجاج، ناقص رہائش نے انتظامات پر سوال اٹھا دیے

0

مکہ مکرمہ میں موجود پاکستانی عازمین حج نے وزارت مذہبی امور کے انتظامات پر سنگین تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے رہائشی سہولیات کی خراب صورتحال بے نقاب کر دی۔ حاجیوں کے مطابق اضافی اخراجات ادا کرنے کے باوجود انہیں ایسی عمارتوں میں رکھا گیا جو نہ صرف خستہ حال ہیں بلکہ صفائی اور بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔

عازمین کا کہنا ہے کہ رہائشی کمروں میں ٹوٹ پھوٹ عام ہے جبکہ صفائی کا معیار انتہائی ناقص ہے۔ کئی مقامات پر ائیرکنڈیشنرز خراب پڑے ہیں جس کے باعث شدید گرمی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس کے علاوہ باتھ رومز کی حالت بھی تشویشناک بتائی جا رہی ہے جہاں بنیادی سہولتیں تک دستیاب نہیں۔

حجاج کرام نے الزام لگایا کہ متعدد مرتبہ شکایات درج کرانے اور رابطہ کرنے کے باوجود حج ہیلپ لائن اور متعلقہ عملے کی جانب سے کوئی مؤثر جواب نہیں دیا گیا۔

دوسری جانب معاملہ سامنے آنے کے بعد وزارت مذہبی امور حرکت میں آ گئی ہے۔ حکام کے مطابق صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی حج کو تمام شکایات جلد از جلد دور کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ عازمین کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.